امریکہ امن مذاکرات: وفاقی کابینہ کا شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تاریخی امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے قیام امن کیلئے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے فروغ کیلئے ایک اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے، جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جاتا ہے۔
کابینہ نے اس امر کو سراہا کہ پاکستانی قیادت نے اپنی حکمت عملی، مسلسل محنت اور تدبر کے ذریعے ایران اور امریکہ جیسے متحارب فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں تقریباً نصف صدی سے جاری تعطل کا خاتمہ ممکن ہوا۔

قرارداد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شبانہ روز کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے انتہائی محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اس اہم سفارتی عمل کو کامیابی سے آگے بڑھایا۔
وفاقی کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی یہ مخلصانہ کوششیں نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں پائیدار امن کے قیام کا ذریعہ بنیں گی، اور عالمی تاریخ میں پاکستان کے اس مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔