امریکہ اور ایران جنگ بندی کے لیے پرعزم رہیں،پاکستان مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے متعدد اور تعمیری ادوار ہوئے جو تقریباً 24 گھنٹے تک جاری رہے اور اتوار کی صبح اختتام پذیر ہوئے۔
میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں سید عاصم منیر کے ہمراہ بھرپور معاونت فراہم کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کے وفود نے مثبت اور سنجیدہ انداز میں بات چیت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ محمد شہباز شریف کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کو امریکہ اور ایران کی طرف سے قبول کرنا خوش آئند ہے، جس پر پاکستان دونوں ممالک کا مشکور ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ خطے میں استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دعوت پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں وفود اسلام آباد آئے اور مذاکرات میں شرکت کی۔
نائب وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں بھی پائیدار امن اور خوشحالی کے امکانات روشن ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی امریکہ اور ایران کے درمیان رابطہ کاری اور مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا۔