وزیراعظم کا مسعود پزشکیان سے رابطہ، ایران کا اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کا اعلان
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ گفتگو تقریباً 45 منٹ جاری رہی، جس میں وزیراعظم نے ایران کی قیادت کے مثبت طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے جنگ بندی پر آمادگی کو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کی پاکستانی پیشکش قبول کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے قیام میں پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔