چین اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ ایرانی جوہری مسئلے پر مذاکرات کی ضرورت پر متفق
بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی جوہری مسئلے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کا حل صرف مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے، اور اسے کسی بھی قسم کی طاقت کے استعمال کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران دونوں کی جانب سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے، جسے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو چاہیے کہ دونوں ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کردار ادا کرے۔
وانگ یی نے مزید کہا کہ چین اور کینیڈا اس سلسلے میں مشترکہ طور پر تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں تاکہ مسئلے کا پائیدار اور سیاسی حل تلاش کیا جا سکے۔