خدام الحجاج کے لیے خصوصی تربیت کا آغاز

0

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج آپریشن کے دوران خدمات سرانجام دینے والے عملے، خدام الحجاج، کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

اس تربیت کا مقصد پاکستانی حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور مقدس مقامات پر ان کی رہنمائی کو مؤثر بنانا ہے۔


حکام کے مطابق تربیتی پروگرام مختلف سیشنز اور جدید تکنیکی بنیادوں پر مشتمل ہے، جس میں خدام الحجاج کو مشاعر مقدسہ کے اہم مراحل، راستوں، خیموں اور عمارتوں کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ انہیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، رہنمائی فراہم کرنے اور حجاج کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کرنے کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔


تربیت کے دوران خدام الحجاج کو خدمت، حسنِ سلوک اور معاونت کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی جا رہی ہیں تاکہ وہ حجاج کرام کے لیے ایک محفوظ، آرام دہ اور منظم ماحول فراہم کر سکیں۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس جامع تربیتی پروگرام کے ذریعے حج کے دوران انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور پاکستانی حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.