سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعاون اور خطے میں امن پر بات چیت
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی،۔
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کو دہرایا اور موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی برداشت اور تحمل کو سراہا۔
وزیراعظم نے اپنی حالیہ بات چیت، جس میں 12 مارچ کو جدہ میں ولی عہد کے ساتھ ملاقات شامل ہے، کا حوالہ دیا اور سعودی وزیر خارجہ کو پاکستان کی وسیع سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا،جن میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شامل ہیں۔
انہوں نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔