ایران کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر، پاکستان مذاکرات میں کردار ادا کرتا رہے گا،شہباز شریف
اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مؤثر سفارتی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
وزیرِاعظم ہاؤس میں ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے وزیرِاعظم سے ملاقات کی۔
اس موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کا بھی ذکر کیا۔
وزیرِاعظم نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی جاری سفارتی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انسانی جانوں، معیشت اور املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے اجتماعی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
ملاقات کے دوران ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کا مؤقف پیش کیا اور پاکستان کے متوازن، ذمہ دارانہ اور مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس نازک مرحلے پر وزیرِاعظم شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔