گوادر پورٹ پر نئے جہاز کی کامیاب برتھنگ، علاقائی تجارت میں اہم پیش رفت
گوادر: گوادر پورٹ پر ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں خصوصی جہاز “ایم وی ایچ ایم او لیڈر” کی کامیاب برتھنگ مکمل کر لی گئی۔
بندرگاہ پر اس جہاز کے ذریعے 35 یونٹس پر مشتمل ٹرانس شپمنٹ کارگو کو مؤثر انداز میں ہینڈل کیا گیا، جو گوادر کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور اہمیت کا واضح مظہر ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق، خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں گوادر بندرگاہ ایک محفوظ بحری مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی شپنگ لائنز اب متبادل اور محفوظ راستوں کی تلاش میں گوادر کا رخ کر رہی ہیں، جس سے بندرگاہ کی اسٹریٹجک اہمیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث روایتی شپنگ روٹس متاثر ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ نہ صرف ایک قابلِ اعتماد متبادل بن کر سامنے آئی ہے بلکہ ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں کے لیے بھی موزوں مقام ثابت ہو رہی ہے۔

گوادر میں ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے مفت اسٹوریج سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جو اسے دیگر بندرگاہوں کے مقابلے میں زیادہ مسابقتی بناتی ہے۔
محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھاکہ گوادر پورٹ اور اس کے فری زون میں مجموعی طور پر 16 ہزار ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل کرنے کی استعداد موجود ہے، جبکہ جنرل کارگو کے لیے 90 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر اسٹوریج کی سہولت دستیاب ہے۔ یہ انفراسٹرکچر گوادر کو خطے میں ایک مؤثر لاجسٹک حب بنانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر پورٹ مستقبل میں بلیو اکانومی اور علاقائی تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی، اور پاکستان کو عالمی تجارتی نقشے پر مزید مستحکم مقام دلانے میں معاون ثابت ہوگی۔