علی حیدر پور تا جبی شاہ دلاور، کوٹیرہ کارپٹ روڈ منصوبے کا افتتاح

0

ملتان خورد: علی حیدر پور، جبی شاہ دلاور اور کوٹیرہ کے درمیان تقریباً 9 کلومیٹر طویل کارپٹ روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب ایک پروقار اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی نمایاں شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول پنجاب، ملک شہریار اعوان نے منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ساجد ملک، نمبردار ملک انوار شاہ محمد والی، سردار امجد الیاس، ملک ولائیت، چوہدری شیر علی، ملک منیر شاہ محمد والی، ملک فضل الرحمن جبی، حاجی یوسف کوٹشمس، ملک اخلاق ڈھرنال سمیت دیگر منتظمین نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں یونین کونسل اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

خطاب کرتے ہوئے ملک شہریار اعوان نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور علاقہ کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے یونین کونسل جبی شاہ دلاور کے تقریباً بیس ہزار سے زائد افراد کو آمد و رفت میں آسانی میسر آئے گی، جبکہ اس سے علاقے میں معاشی، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ بھی حاصل ہوگا۔

دیگر مقررین نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے علاقائی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور حکومت پنجاب اور ملک شہریار اعوان کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر ملک شہریار اعوان نے منتظمین اور اہل علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور عزم ظاہر کیا کہ ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.