پاکستان کے مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مل گئی
اسلام آباد: ایران نے پاکستان کے پرچم بردار مزید 20 جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے بیان میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کے تحت روزانہ دو پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے۔ نائب وزیرِ اعظم نے ایرانی حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند اور تعمیری قرار دیتے ہوئے اسے سراہا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران کا یہ مثبت قدم خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت امن کی جانب ایک بامعنی پیش رفت کی عکاس ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مکالمہ، سفارت کاری اور اعتماد سازی کے اقدامات ہی مسائل کے حل اور آگے بڑھنے کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔