ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اہم سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

0

اسلام آباد: ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایک اہم سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور متعلقہ ممالک سفارتی ذرائع سے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال ایڈیشنل سیکریٹری (افغانستان و مغربی ایشیا) سید علی اسد گیلانی نے کیا۔ اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق، اس دورے کے دوران  ترکیہ کے وزیر خارجہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ  اسحاق ڈار سے تفصیلی ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، دفاعی روابط اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔


مزید برآں، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مشترکہ مشاورت میں مشرق وسطیٰ اور دیگر حساس خطوں میں جاری کشیدگی کو کم کرنے، جنگ بندی کی کوششوں کو تقویت دینے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر غور کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے درمیان یہ مشاورت علاقائی امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس سے آئندہ مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.