ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: بھارت نےتیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا

0

احمدآباد: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 96 رنز سے شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔


نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بھارتی بیٹرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بڑا اسکور کھڑا کردیا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایشان کشن نے 24 گیندوں پر 54 اور ابھیشک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

شیوام دوبے 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری اور رچن وریندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

256 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارتی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ٹم سائفرٹ نے 52 اور کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔


بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے، جبکہ یہ اس کا مجموعی طور پر تیسرا ٹی ٹوئنٹی عالمی ٹائٹل ہے۔

بھارت اس سے قبل 2007 اور 2024 میں بھی یہ اعزاز اپنے نام کر چکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.