سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان کا افطار ڈنر، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور دیگر کی شرکت
اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور عوام کا یک زبان ہو کر آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وہ یہ بات سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان اور انور سیف اللہ خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے تھے۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفرا، سابق وفاقی وزراء، پارلیمنٹیرینز، میڈیا نمائندگان، سماجی و سیاسی شخصیات اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ پاکستان کو درپیش قومی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، تاہم قوم کے اتحاد، اجتماعی حکمت عملی اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام سیاسی اور سماجی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے تاکہ قومی سطح پر درپیش مسائل کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی عالمی اور علاقائی چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور آج بھی عوام، حکومت اور ریاستی ادارے ایک صفحے پر کھڑے ہو کر ملک کے مفادات کے تحفظ اور استحکام کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں، اداروں اور عوام کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

سیدال خان ناصر نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی اور معاشی استحکام کے ایک نئے سفر پر گامزن ہے اور قوم کے اجتماعی عزم، باہمی تعاون اور اتحاد کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت، ریاستی ادارے اور عوام ذمہ داری کے احساس کے ساتھ مل کر موجودہ سیکیورٹی اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کو ترقی کی نئی منازل کی طرف لے جائیں گے۔
اس موقع پر میزبان سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے، باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور قومی یکجہتی کے جذبے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔