ایران امریکا کے لیے طویل عرصے سے سنگین خطرہ ہے ،مارکو روبیو
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو امریکا کے لیے طویل عرصے سے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ اس وقت ایران یورینیم افزودگی نہیں کر رہا، تاہم وہ اس صلاحیت کے حصول کی کوششوں میں مصروف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران بین البرِاعظمی بیلسٹک میزائل حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے، جو خطے اور عالمی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مذاکرات سے انکار ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس حوالے سے پیش رفت نہ ہونا صورتحال کو پیچیدہ بنا رہا ہے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکا ایران کے اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں استحکام کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود سفارت کاری ہمیشہ ایک ممکنہ اور ترجیحی آپشن رہے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں تاکہ عالمی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔