پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 مارچ کو ہو گا،صدر خطاب کریں گے
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی سمری منظور کر لی ہے، جس کے تحت اجلاس 2 مارچ 2026 کو دوپہر تین بجے منعقد ہوگا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہر پارلیمانی سال کے آغاز پر آئین کے مطابق بلایا جاتا ہے، جس میں صدر مملکت حکومتی پالیسیوں اور آئندہ سال کی ترجیحات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے ہیں۔
رواں سال بھی صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جو بطور صدر ان کا نواں خطاب ہوگا۔
ذرائع کے مطابق صدر کے خطاب میں قومی ترجیحات، جمہوری استحکام اور آئینی بالادستی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پائیدار معاشی ترقی، خطے اور عالمی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور بیرونی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا بھی تفصیلی احاطہ متوقع ہے۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس قومی پالیسیوں کی سمت کے تعین اور حکومتی ایجنڈے کی وضاحت کے لیے اہم آئینی تقاضا سمجھا جاتا ہے۔