امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے

0

دوحہ: محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ایک بار پھر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی ہے، جسے امیرِ قطر نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ پہلی فرصت میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

امیرِ قطر نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دی جا سکے۔ واضح رہے کہ وزیرِ اعظم اس سے قبل بھی امیرِ قطر کو پاکستان آنے کی دعوت دے چکے ہیں۔

موجودہ علاقائی اور عالمی تناظر میں امیرِ قطر کا متوقع دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس دورے سے نہ صرف سیاسی اور سفارتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ توانائی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں بھی پیش رفت متوقع ہے۔

پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کرتے آئے ہیں۔

متوقع دورے کو باہمی شراکت داری کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.