شہباز شریف غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں شرکت کے لئے واشنگٹن پہنچ گئے
واشنگٹن: محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بورڈ آف پیس کے اجلاس میں شرکت کی دعوت پر اپنے سرکاری دورے کے سلسلے میں واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم آج واشنگٹن میں منعقدہ بورڈ آف پیس کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں عالمی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی اعلیٰ امریکی حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی موجود ہے جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

یہ دورہ عالمی امن کے قیام کے لیے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی مؤثر شمولیت، خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور حالیہ سفارتی کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

حکومتی حلقوں کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور امریکہ کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔