سری لنکن صدر کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کی درخواست
سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم پاک بھارت میچ سری لنکا میں کھیلے۔ وزیراعظم نے اس درخواست پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور کرکٹ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران سری لنکن صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی اور پاکستان نے ہمیشہ سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ترجیح دی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مشکل ادوار میں بھی سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ کا تسلسل برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دورے کی منسوخی نہ کرنا سری لنکن ٹیم کی جانب سے پاکستانی عوام اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک قابلِ تحسین اور ناقابلِ فراموش اقدام ہے۔
وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو آگاہ کیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ کے حوالے سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلے سے انہیں مطلع کیا جائے گا۔