تلہ گنگ پولیس فائرنگ کیس: ڈی پی او چکوال کی ورثاء کو انصاف کی یقین دہانی

0

تلہ گنگ: تھانہ سٹی تلہ گنگ کے علاقہ میں پولیس فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ملوث اہلکار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ڈی پی او چکوال نے متاثرہ خاندان کو ملزم کو سخت سزا دلوانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 5 اور 6 فروری کی درمیانی شب پیش آیا، جب محمد طلحہ گاڑی چلا رہا تھا اور نوجوان عبداللہ ولد ملک نوید فرنٹ سیٹ پر موجود تھا۔

پولیس اہلکار کی جانب سے رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی نہ رکنے پر اہلکار نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عبداللہ شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔

واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چکوال کاشف ذوالفقار نے ایس پی انویسٹی گیشن چکوال اور ڈی ایس پی تلہ گنگ ملک عبدالعزیز کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دی۔ ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے پر ملوث پولیس اہلکار ثاقب کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مقتول کے والد کی مدعیت میں اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ سٹی تلہ گنگ سمیعہ بتول نے کہا کہ اگرچہ ملزم اسی تھانے کا ملازم ہے، تاہم وہ کسی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبداللہ ہمارے اپنے بیٹے کی مانند تھا، اور اعلیٰ افسران کی ہدایات ہیں کہ کیس میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

ڈی پی او چکوال کاشف ذوالفقار نے واضح الفاظ میں کہا کہ ملزم کو دہشتگردی کے مجرم کی طرح قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا بنیادی فریضہ عوام کا تحفظ ہے، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کا عمل تاحال جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.