پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور
اسلام آباد : پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
پاکستان کی جانب سے وزارت خارجہ کے خصوصی سیکرٹری (اقوامِ متحدہ) نبیل منیر، ڈائریکٹر جنرل (امریکاز) کے ساتھ مشاورت میں شریک ہوئے جبکہ کینیڈین وفد کی قیادت گلوبل افیئرز کینیڈا کے اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر (انڈو پیسفک) ویلڈن ایپ نے کی جن کے ہمراہ اسلام آباد میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان بھی تھے۔
ہفتہ کو دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اور کینیڈا کے وزیرِ خارجہ کے درمیان حالیہ بامعنی روابط کے نتیجے میں دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان اعلیٰ سطحی روابط نے شراکت داری کو سٹریٹجک رہنمائی اور نئی رفتار فراہم کی ہے۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ دونوں جانب اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ باہمی تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے تاہم ابھی تک غیر استعمال شدہ امکانات موجود ہیں۔
فریقین نے اس ضمن میں موجودہ معاہدات کے مو¿ثر نفاذ کو بہتر بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کو زیادہ معاونت فراہم کرنے، تجارتی وفود کی سہولت اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور زرعی ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت کی ترقی، تعلیم و تحقیق، سیاحت اور عوامی روابط کو دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے اہم محرکات قرار دیا۔
انہوں نے پائیدار اور باہمی طور پر فائدہ مند ترقی کے حصول میں سرمایہ کاری کے مرکزی کردار پر بھی زور دیا اور نجی شعبے کو ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق فریقین نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے اہم کثیرالجہتی امور پر گفتگو کی۔ دونوں جانب سے باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ مسلسل روابط سے دوطرفہ شراکت داری میں نئی پیش رفت ممکن ہوسکے گی۔