ترلائی امام بارگاہ دھماکہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے شدید مذمت
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی، اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیرِ اعظم نے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیرِ صحت کو علاج معالجے کے عمل کی خود نگرانی کرنے کا حکم دیا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران دھماکے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں شرپسندی، دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔