وزیرِ اعظم کا آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار فتح پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے قوم اور کرکٹ شائقین کو مبارکباد دی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم کے شاہینوں، خصوصاً بالرز، نے غیر معمولی کھیل پیش کیا اور اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم اسی لگن، جذبے اور محنت کے ساتھ کھیلتی رہی تو پوری سیریز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیابی کھلاڑیوں کی مسلسل محنت اور نظم و ضبط کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن رضا نقوی، ان کی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سیریز کے آئندہ میچز کے لیے بھی پاکستانی ٹیم کے شاہینوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔