صدر زرداری متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

0

اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کا چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

اس دورے کے دوران صدرِ مملکت نے اماراتی قیادت اور اعلیٰ حکام سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں جن کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔


دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر، وزیرِ اعظم و حکمرانِ دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اقتصادی شراکت داری، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دفاع، سکیورٹی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔


صدرِ مملکت نے عالمی تجارتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم شامل ہیں۔ ملاقات میں بندرگاہوں، لاجسٹکس اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پاکستان میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔

اسی طرح صدر آصف علی زرداری نے اے ڈی پورٹس گروپ کے مینجنگ ڈائریکٹر اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن محمد جمعہ الشامسی سے ملاقات کی، جس میں بحری تجارت اور پورٹ ڈویلپمنٹ میں تعاون پر غور کیا گیا۔

علاوہ ازیں صدرِ مملکت نے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک آلنہیان سے بھی ملاقات کی، جس میں مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال ہوا۔


صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اقتصادی و سفارتی تعاون کے نئے دروازے کھولنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.