وزیراعظم کا برآمد کنندگان کیلئے بڑے مراعاتی پیکیج کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمد کنندگان کیلئے ٹیکس میں تین فیصد کمی، صنعتی بجلی کے ٹیرف میں چار روپے چار پیسے فی یونٹ مزید کمی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے بڑے برآمد کنندگان کو دو سال کیلئے بلیو پاسپورٹس سمیت خصوصی مراعات دینے کا اعلان کیا ہے۔
جمعہ کو اسلام آباد میں نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ برآمد کنندگان کی محنت سے ملک میں اربوں ڈالر آئے اور معیشت اب استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں اور حکومت کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کی شرح ساڑھے سات فیصد سے کم کرکے ساڑھے چار فیصد کی جا رہی ہے جبکہ صنعت کیلئے بجلی مزید سستی کی جا رہی ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے برآمد کنندگان کو ایمبیسیڈر ایٹ لارج کا درجہ بھی دیا جائے گا۔
تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر وفاقی وزرا شریک ہوئے جبکہ وزیراعظم نے 2024 اور 2025 کی بہترین کارکردگی پر ممتاز برآمد کنندگان میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔