ٹی20 ورلڈ کپ پر منڈلاتا بائیکاٹ کا سایہ
کراچی: آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت کا معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے اثرات عالمی کرکٹ پر بھی پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر بنگلہ دیش نے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان بھی ایونٹ کے بائیکاٹ پر غور کر سکتا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ کے اعلیٰ حکام صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آج ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کے حق میں ہیں، جبکہ حکومت آج کھلاڑیوں اور کرکٹ حکام کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کی جانب سے میچز کے مقام میں تبدیلی کی درخواست باضابطہ طور پر مسترد کر دی تھی۔ آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ اگر بنگلہ دیش ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنے تمام میچز میزبان ملک بھارت میں ہی کھیلنا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے فیصلے کے بعد نہ صرف بنگلہ دیش بلکہ دیگر کرکٹ بورڈز بھی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔