عالمی اقتصادی فورم،شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر توجہ کا مرکز بن گئے
ڈیووس:عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں متعدد عالمی قائدین سے ملاقاتیں کیں۔
ان غیر رسمی ملاقاتوں کے دوران وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بھی ملاقات ہوئی، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فورم میں شریک عالمی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی ان ملاقاتوں کے دوران مسکراہٹوں کا تبادلہ اور غیر معمولی گرمجوشی دیکھنے میں آئی، جو پاکستان کے مثبت اور فعال سفارتی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی اقتصادی فورم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی خطاب میں بھی شرکت کی۔