غزہ امن بورڈ چارٹر پر پاکستان سمیت متعدد ممالک کے دستخط
ڈیووس: پاکستان، امریکا، ترکیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا سمیت مختلف ممالک نے غزہ امن بورڈ کے چارٹر پر دستخط کر دیئے۔
دستخط عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے۔
چارٹر پر دستخط کرنے والے ممالک میں پاکستان، امریکا، قطر، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، اردن، آذربائیجان، آرمینیا، ہنگری، قازقستان، ازبکستان اور دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی دستخطی تقریب میں شرکت پر صدر ٹرمپ نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر گفتگو بھی ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ غزہ امن بورڈ کا مقصد مستقل جنگ بندی، غزہ کی تعمیرِ نو اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت پر مبنی منصفانہ اور پائیدار امن کا قیام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید ممالک بھی اس امن اقدام میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق عالمی رہنما غزہ میں امن کے قیام کے لیے متحد ہیں اور یہ معاہدہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے ایک اہم مثال بن سکتا ہے۔