شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

0

زیورخ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم  کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے۔

زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ، جنیوا میں پاکستان کے مستقل نمائندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور سفارتی عملے کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے، جہاں عالمی معیشت، سرمایہ کاری، ترقی اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کی میزبانی اور ورلڈ اکنامک فورم کی شراکت داری سے منعقد ہونے والی بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں عالمی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کی جائے گی۔

ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے جاری اصلاحات، بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے متعارف کروائے گئے ٹرپل او پروگرام (Order, Opportunity, Optimization) پر بھی اظہار خیال کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.