ایاز صادق کی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات

0

بیجنگ: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس (NPC) کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں چین کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد کے اراکین بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار دوستی، اسٹریٹجک شراکت داری، پارلیمانی روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں اور دونوں ممالک ہر آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی سطح پر روابط میں مزید وسعت دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت مشترکہ منصوبے پاک چین تعاون کی روشن مثال ہیں۔

چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پارلیمانی تبادلوں اور تعاون کو دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

ملاقات میں پارلیمانی وفد کے اراکین رومینہ خورشید عالم، محمد نعمان، زیب جعفر اور مولانا عبدالغفور حیدری بھی موجود تھے۔ وفد کے اراکین نے بھی دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور دونوں فریقین نے مستقبل میں قریبی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.