یو اے ای کے صدر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے
راولپنڈی: متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر راولپنڈی پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا شاندار اور پروقار استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کے طیارے سے باہر آتے ہی وزیراعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پھول پیش کیے، جبکہ اس موقع پر وزیراعظم اور یو اے ای کے صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
صدرِ یو اے ای کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے انہیں فضائی سلامی پیش کی۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں نور خان ایئر بیس پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں پاک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدرِ یو اے ای نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جبکہ اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا صدرِ یو اے ای سے تعارف کرایا، جبکہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا، صدرِ یو اے ای نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور شفقت کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران صدرِ متحدہ عرب امارات وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور یو اے ای کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، سرمایہ کاری، تجارت سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔