اسلام آباد میں آج سرکاری تعطیل کا اعلان
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے دورے کے موقع پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں آج عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں واقع پاکستان سیکریٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے آج جمعہ بند رہیں گے۔
تاہم عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال، بینکس، ضروری سروسز سے وابستہ دفاتر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق تعطیل کا اطلاق صرف ان اداروں پر ہوگا جو نوٹیفیکیشن میں شامل ہیں، جبکہ لازمی خدمات فراہم کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں بدستور انجام دیتے رہیں گے۔