متحدہ عرب امارات کے صدر ایک روزہ سرکاری دورہ کے بعد پاکستان سے روانہ ہو گئے۔
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان سے روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، جو صدرِ متحدہ عرب امارات کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔
پاکستان آمد پر نور خان ایئر بیس پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا نہایت پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا، جبکہ وفاقی کابینہ کے سینئر اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان تفصیلی، خوشگوار اور بامعنی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔