یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان  آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدرِ متحدہ عرب امارات پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ ان کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔

دورے کے دوران صدرِ متحدہ عرب امارات وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دونوں رہنما پاکستان اور یو اے ای کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا عملی اظہار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.