عثمان ہادی کی میت بنگلا دیش پہنچا دی گئی، نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی

0

ڈھاکہ: طالب علم راہنما اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے چلنے والی تحریک کے سرگرم رہنما عثمان ہادی کی میت بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ پہنچا دی گئی ہے۔

ان کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی، جس کے لیے سکیورٹی سمیت انتظامی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عثمان ہادی کی نمازِ جنازہ دوپہر 2 بجے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے ساؤتھ پلازا میں ادا کی جائے گی۔

جنازے میں اعلیٰ سرکاری حکام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شرکت کے خواہشمند افراد اپنے ساتھ کسی قسم کا بیگ یا بھاری اشیا نہ لائیں۔

اس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ ہاؤس اور اس کے اطراف میں ڈرون اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئ

واضح رہے کہ عثمان ہادی ایک نمایاں طالب علم راہنما تھے اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف چلنے والی تحریک میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔

وہ اس تحریک کے اہم اور متحرک رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، جس کے باعث وہ نوجوانوں اور طلبہ حلقوں میں خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔

ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں سوگ کی کیفیت پائی جاتی ہے اور مختلف سیاسی و طلبہ تنظیموں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.