وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خصوصی بچوں کی بحالی کے لیے قائم کیے جانے والے آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور انہیں ہنر مند بنا کر معاشرے کا فعال شہری بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی بچہ کسی ایک صلاحیت سے محروم ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے دوسری بے شمار صلاحیتوں، حکمت اور بصیرت سے نوازتا ہے۔ خصوصی بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ریاست کا فرض ہے کہ انہیں جدید تربیتی سہولیات، ماہر اساتذہ، جدید آلات اور ٹیکنالوجی فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کی تکمیل کے لیے دو سال کی مدت رکھی گئی ہے، تاہم انہوں نے ہدایت کی ہے کہ یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم نے اس حوالے سے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تقریب میں خصوصی بچوں کی جانب سے پیش کی گئی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بچے کسی بھی لحاظ سے عام بچوں سے کم نہیں۔ انہوں نے محبت، یکجہتی اور ایثار کا عملی مظاہرہ کیا جو قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعظم نے اس کارِ خیر میں حصہ لینے والوں کے لیے دنیا و آخرت میں اجر کی خوشخبری بھی سنائی۔
وزیراعظم نے خصوصی بچوں کی آمد و رفت کے لیے ادارے کو 15 کوچز گرانٹ کی صورت میں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سرخ فیتے کی رکاوٹوں سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی تربیت میں مصروف والدین کی جدوجہد کو بھی سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور معاشی شمولیت یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذوری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کسی نہ کسی صلاحیت سے ضرور نوازتا ہے اور ہمارا مقصد ان صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
آٹزم ایکسپرٹ عائشہ ہارون نے کہا کہ وہ گزشتہ 15 برس سے آٹزم کے شکار بچوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2009ء میں وطن واپسی پر خصوصی بچوں کے لیے اوئیسس اسکول قائم کیا گیا جہاں ایک ہی چھت کے نیچے بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور مستقبل میں اسے کالج اور ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کا خواب ہے۔
تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے قومی ترانہ پڑھا، ٹیبلوز پیش کیے اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے خصوصی بچوں سے ملاقات کی، ان سے شفقت کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.