اسلام آباد، ٹی چوک فلائی اوور اور ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کا افتتاح
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں ٹی چوک (اقبال چوک) فلائی اوور اور اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔
ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں ٹیم نے عوامی سہولت کے متعدد اہم منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کیے۔
انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شفافیت اور معیار پر حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ٹی چوک فلائی اوور 77 دن میں 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، جبکہ ایکسپریس وے کو سگنل فری بنانے سے جی ٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
وزیراعظم نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور طویل عرصے سے جاری غیر قانونی تعمیرات کے مسئلے کے حل پر افسران کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ تجاوزات ترقیاتی منصوبوں میں بڑی رکاوٹ ہوتی ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نئے منصوبوں سے دارالحکومت میں ٹریفک نظام بہتر ہوگا، جبکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے مسئلے کے حل پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے لیے وژن 2027 کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جامع خاکہ بھی پیش کیا۔
تقریب میں وفاقی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔