صدر نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی
اسلام آباد: صدرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی ہے۔
یہ اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ان کی ایل ایل بی ڈگری کی قانونی حیثیت اور اہلیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری تقرری کے وقت درست اور قانونی ایل ایل بی ڈگری کے اہل نہیں تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا اور انہیں فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی۔
عدالت کے فیصلے میں کہا گیا کہ تقرری کے لیے مقررہ آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے تھے۔
عدالتی فیصلے کے بعد معاملہ ایوانِ صدر کو بھجوایا گیا، جہاں صدرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کے مشورے پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈی نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی، جس کے ساتھ ہی وہ باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے فارغ ہو گئے۔