پاک آرمی نے 35ویں نیشنل گیمز میں قائداعظم ٹرافی اپنے نام کر لی
کراچی: پاک آرمی نے 35ویں نیشنل گیمز میں قائداعظم ٹرافی اپنے نام کر لی
کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی کی ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 196 سونے کے تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اختتامی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور انہوں نے پاکستان آرمی کو نیشنل گیمز جیتنے پر قائداعظم ٹرافی پیش کی۔
نیشنل گیمز میں آرمی کے قریب ترین حریف واپڈا رہی، جس نے 84 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ پاکستان بحریہ 36 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ پنجاب کا دستہ 16 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر رہا۔
اختتامی تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سندھ کا روایتی تحفہ پیش کیا، جس میں سندھی ٹوپی اور اجرک شامل تھیں۔ تقریب میں تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبا و طالبات نے خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹیم ورک، حوصلہ، قوانین کا احترام اور چیلنجز کا مقابلہ کرنا صرف کھیلوں کی اقدار نہیں بلکہ قومی اقدار کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا بلکہ ملک کی خودمختاری اور وقار کو بھی مضبوط کیا۔ یہ کامیابی محض فوجی فتح نہیں بلکہ ایک قومی کامیابی ہے جو اتحاد، نظم و ضبط اور عوام و محافظوں کے باہمی رشتے کی عکاس ہے۔
بلاول بھٹو نے اس جذبے کو کلاس رومز، اسٹیڈیمز، تعلیمی اداروں اور روزمرہ زندگی میں برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ایک ایسا پاکستان ہے جہاں ہر بچے کو ہر صوبے میں کھیل، تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے مساوی مواقع میسر ہوں، جہاں ٹیلنٹ کو فروغ دیا جائے اور اتحاد کو سب سے بڑی طاقت سمجھا جائے۔
انہوں نے نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں، میڈل حاصل کرنے والوں اور صوبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں کے دوران بننے والی دوستی اور سیکھے گئے اسباق مستقبل میں قوم کی ترقی اور اتحاد کی راہ ہموار کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پاکستان آرمی مجموعی طور پر سب سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ مجموعی میڈلز کی تعداد کے لحاظ سے آرمی نے 353، واپڈا نے 232 اور بحریہ نے 110 میڈلز جیتے۔