صدر زرداری کا لاہور میں تیسرا مصروف دن، سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں

0

لاہور: صدرِ آصف علی زرداری نے لاہور میں قیام کے دوران مسلسل تیسرے روز بھی مصروف سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں اور بلاول ہاؤس میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران صدر مملکت نے پنجاب میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی کے جیالے عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور عوام کے مسائل اور دکھ درد کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو قریب سے دیکھا اور ان کے حل کے لیے عملی کوششیں کیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ سندھ کا ترقیاتی اور فلاحی ماڈل، خصوصاً ہیلتھ سسٹم، قابلِ تقلید ہے جس کی عالمی بینک نے بھی تعریف کی ہے، اور اسی ماڈل کو تمام صوبوں میں نافذ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

بلاول ہاؤس میں ہونے والی ملاقاتوں میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، عبدالقادر شاہین، مرتضیٰ محمود، علمدار قریشی، ملک مظہر، نواب شیر وسیر، فیصل میر، ذکی چودھری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے مظفرگڑھ سے صوبائی نشست پر ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے پر علمدار قریشی کو مبارکباد بھی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.