وزیراعظم ترکمانستان کے دو روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے ترکمانستان کی 30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے موقع پر اشک آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی بین الاقوامی فورم میں شرکت کی اور خطاب کیا، جس میں انہوں نے علاقائی امن، تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کے ہمراہ یادگارِ غیر جانبداری کا دورہ کیا اور وہاں پھول چڑھائے۔
دورے کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ترکمانستان کے صدر سمیت ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیژشکیان سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اور کرغزستان کے صدر صادر جپاروف سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کی گئی۔