پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
معاہدوں میں حلال تجارت، ایس ایم ایز، اعلیٰ تعلیم، منشیات کے خلاف اقدامات، آرکائیوز میں تعاون اور صحت کا شعبہ شامل ہیں۔
دستخطوں کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں انڈونیشیا کے صدر پرا بوو سوبیانتو اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی۔
دونوں رہنماؤں نے معاہدوں اور ایم او یوز کے تبادلے کا مشاہدہ کیا، جبکہ متعلقہ وزراء نے دستاویزات کا باقاعدہ تبادلہ کیا۔
اہم معاہدوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریوں کی باہمی شناخت، انڈونیشین ایڈ اسکالرشپ پروگرام، حلال سرٹیفیکیشن میں تعاون، ایس ایم ایز کی ترقی، آرکائیوز میں تعاون، منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات اور صحت کے شعبے میں تعاون شامل ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے الگ الگ ون آن ون اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں کی اور ان ملاقاتوں میں معیشت، تجارت، تعلیم ،صحت ،حلال مصنوعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں صدر مملکت اصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان کا اعلی ترین سول اعزاز نشان پاکستان عطا کیا۔