پاکستان کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی نئی قسط منظور
واشنگٹن: آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی دو اقساط کی منظوری دے دی ہے۔
یہ رقوم ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کے تحت جاری کی جا رہی ہیں اور چند گھنٹوں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دی جائیں گی۔
اجلاس میں پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کے بعد اقساط کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔
پاکستان نے 37 ماہ کا موجودہ ای ایف ایف پروگرام ستمبر 2024 میں حاصل کیا تھا، جس کے تحت ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ستمبر 2024 میں جبکہ دوسری قسط مئی 2025 میں موصول ہوئی۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے پروگرام آر ایس ایف کے تحت اس وقت 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط منظور کی گئی ہے اور یہ پروگرام 2027 تک ای ایف ایف کے ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔
آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 8 دسمبر کو ہوا، جس کے بعد کنٹری رپورٹ جاری کی جائے گی۔
رپورٹ میں تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے نئے اسٹرکچرل بینچ مارکس شامل ہوں گے جن پر عملدرآمد کرنا پاکستان کے لیے ضروری ہوگا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اکتوبر میں 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف کے دوسرے جائزے اور 1.4 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کے پہلے جائزے پر مذاکرات مکمل ہوئے تھے جن میں سٹاف لیول ایگریمنٹ طے پایا تھا۔
دونوں پروگراموں کے تحت اب تک پاکستان کو ملنے والی مجموعی ادائیگیاں تقریباً 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی کیونکہ ای ایف ایف کے تحت 2 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں۔