باقی صوبوں میں بلدیاتی الیکشن ہو گئے، پنجاب میں کیوں نہیں ہو رہے،بلاول بھٹو

0

لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں گورنر ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور عہدیداران کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں پارٹی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور دیگر سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، مرتضیٰ محمود، طاہر رشید، ثمینہ گھرکی، علی حیدر گیلانی، نیئر بخاری، ہمایوں خان، عبدالقادر شاہین، رانا فاروق سعید، دوست محمد کھوسہ، فیصل میر، شہزاد سعید چیمہ، ندیم افضل چن، عزیز الرحمان چن سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔

عشائیہ سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد ہونے والے ہیں، کارکن ابھی سے تیاری شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ایک نشست پیپلز پارٹی نے جیتی جبکہ ایک نشست ان سے "چھین لی گئی”، اس کے باوجود پارٹی پوری قوت سے میدان میں موجود رہے گی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ “باقی صوبوں میں بلدیاتی الیکشن ہو چکے ہیں تو پنجاب میں کیوں نہیں ہو رہے؟”
بلاول بھٹو کے مطابق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو فرنٹ فٹ پر آکر کھیلنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے، تاہم بطور سیاسی جماعت سب کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن بیانیہ اپنانے اور اداروں کے خلاف بولنے والوں کو سیاست کا کوئی حق نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ ان کا یہ دورہ لاہور مختصر ہے اور بہت جلد شہر کا طویل دورہ کریں گے تاکہ تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.