پی ایم اے تلہ گنگ کا اجلاس،سرکاری محکموں کے نوٹسز اور غیر ضروری کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار

0

تلہ گنگ: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) تلہ گنگ کی جنرل باڈی کا اجلاس چائلڈ کیئر ہسپتال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر پی ایم اے ڈاکٹر ارشد ملک اور نظامت جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صابر امیر ملک نے انجام دی۔

اجلاس میں تلہ گنگ اور نزدیکی علاقوں کے ڈاکٹرز بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے لیبر ڈپارٹمنٹ، ایف بی آر اور ای او بی آئی کی جانب سے ڈاکٹروں کو بھیجے جانے والے نوٹسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ڈاکٹرز کے پیشہ ورانہ ماحول کو متاثر کرتے ہیں بلکہ طبی خدمات کی فراہمی میں بھی رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارکردگی پر بھی شدید اعتراضات سامنے آئے۔

شرکاء نے کہا کہ کمیشن عطائیت کے خاتمے میں خاطر خواہ کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کے برعکس کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کو بلاوجہ ہراساں کیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

اجلاس کے اختتام پر جنرل سیکرٹری پی ایم اے تلہ گنگ نے سی ای او ہیلتھ چکوال سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ارشد ملک کی جانب سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب کو ارسال کردہ خطوط پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے سٹی ہسپتال اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی فوری تعیناتی اور سرجری/سیزیرین سیکشن کی 24 گھنٹے سہولت یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ عوام کو معیاری علاج دستیاب ہو سکے۔

اجلاس میں چکوال میں ایک نجی کلینک کی بندش کی بھی سخت مذمت کی گئی۔ شرکاء نے اسے بلاجواز اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے تلہ گنگ اس فیصلے کی بھرپور مخالفت کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.