سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج، مشترکہ اجلاس کل ہوگا
اسلام آباد: سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوں گے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 ماہ کے وقفے کے بعد کل (منگل) طلب کیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں اہم قانون سازی کے ساتھ ملک میں امن و امان اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں ہوگا۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے جوابات اور دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس بھی آج شام 5 بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق 2 نکاتی ایجنڈے میں وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹس، بلز، قانون سازی اور تحریک تشکر سمیت دیگر اہم امور شامل ہیں۔
متوقع ہے کہ مشترکہ اجلاس میں چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کریں گے۔ تاہم قائد حزب اختلاف کی نشست خالی رہے گی۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومتی و اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔