فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات،
راولپنڈی: سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، اسٹریٹیجک اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان کی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل فیاض الرویلی نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
ملاقات میں دفاعی شعبے میں دوطرفہ تعاون، مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے مختلف شعبوں میں پاک فوج کے تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
دونوں ملکوں نے عسکری روابط کو نئی سطح تک لے جانے اور مستقبل میں باہمی تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔