وزیراعظم کی ایکسپورٹ سرچارج ختم کرنے اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے قائم ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدی شعبے کی بہتری اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ ورکنگ گروپ کی چیئرپرسن مصدق ذوالقرنین نے مختلف شعبوں سے حاصل کردہ تحقیق اور سفارشات اجلاس میں پیش کیں، جنہیں وزیراعظم نے سراہتے ہوئے فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی برآمدکنندگان پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے، جبکہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا گزشتہ پانچ برس کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔

وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ فنڈ کے مؤثر استعمال کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کا انتخاب کیا جائے اور اس رقم کو صرف برآمدات میں اضافے، تحقیق و ترقی، برآمدی افرادی قوت کی تربیت اور عالمی معیار کی جدید سہولتوں کے قیام پر خرچ کیا جائے۔ اس کے علاوہ EDF کے تحت جاری تمام پروگرامز اور اسکیمز کا بھی تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ اور غیر منطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور پروموشن وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ برآمدات بڑھانے کے لیے صنعت کاروں کو فوری اور بھرپور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ لے کر اس کی تشکیل نو کی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزرائے خزانہ، منصوبہ بندی، کامرس، موسمیاتی تبدیلی، پٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے خزانہ، چیئرمین ایس۔ آئی۔ ایف۔ سی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.