اشفاق احمد خلیل وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات
اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سینئر افسر اشفاق احمد خلیل (بی ایس-21) کو وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات کر دیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اشفاق احمد خلیل کو سول سرونٹس ایکٹ 1973ء کی شق 10 کے تحت ڈیپوٹیشن پر فوری طور پر تاحکمِ ثانی اس عہدے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
اشفاق احمد خلیل اس سے قبل وزارت اطلاعات میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ وزارت اطلاعات کے مختلف اہم اداروں میں بھی کلیدی عہدوں پر فائز رہے، جن میں شامل ہیں:
ڈی جی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پشاور)
پریس قونصلر، پاکستانی سفارتخانہ ٹوکیو (جاپان)
ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز
پیمرا
انفارمیشن سروس اکیڈمی
پی آئی ڈی
وزیراعظم نے عہدے کے لیے طارق خان، ارشد منیر، اشفاق احمد خلیل، عمرانہ وزیر اور سعید احمد شیخ کے انٹرویوز کیے، جن میں سے اشفاق احمد خلیل کو شارٹ لسٹ کرکے منتخب کیا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق نئی تعیناتی سے وزارت میں انتظامی اور پالیسی سطح پر تسلسل برقرار رہے گا جبکہ حکومتی رابطہ کاری مزید مؤثر ہوگی۔