پاکستان اور اردن کا اسٹریٹجک، اقتصادی اور دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک، اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں شراکت داریوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔
ملاقات میں خطے کی سلامتی، امن و استحکام، باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی فورمز پر تعاون کے فروغ سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جنہیں مزید موثر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور اردن نے غزہ کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف کو ایک بار پھر واضح کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کو دوہرایا کہ غزہ کے عوام کی جبری نقل مکانی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
شاہ عبداللہ دوم نے غزہ میں انسانی ہمدردی کی کوششوں اور جنگ کے بعد استحکام کے حوالے سے اردن کے کردار کی پاکستانی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک نے شرم الشیخ میں دستخط شدہ غزہ امن معاہدے کے تناظر میں امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے والے آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے درمیان مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم کو علاقائی صورتحال، بالخصوص افغانستان اور بھارت سے متعلق حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اردن کے بادشاہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستانی عوام و حکومت کی گرمجوش میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا۔
ملاقات کے دوران میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا خصوصی اہتمام بھی کیا۔