ٹمن مین روڈ سے 60 سالہ تجاوزات کا خاتمہ

0

تلہ گنگ: اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء کی قیادت میں ٹمن مین روڈ پر 60 سال پرانی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں مین روڈ کو مکمل طور پر اصل حالت میں بحال کر دیا گیا۔

سرکاری اراضی پر دہائیوں سے قابض عناصر کے باعث نہ صرف روڈ تنگ ہو چکا تھا بلکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر تھی، جس سے شہری مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

انتظامیہ کی نشاندہی کے بعد قابضین کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے تھے کہ وہ اپنی تجاوزات مرحلہ وار ہٹا دیں، تاہم عدم عملدرآمد پر آج جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر سلیمان منشاء نے سخت کارروائی کا آغاز کیا۔

آپریشن کے دوران انکروچمنٹ اسٹاف، پیرا فورس اور تھانہ ٹمن پولیس بھی مکمل نفری کے ساتھ موجود رہی۔ ٹیم نے غیرقانونی شیڈز، تھڑے، دیواریں اور دیگر تعمیرات مسمار کر کے برسوں سے بند راستہ کھول دیا۔

علاقہ مکینوں نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں ہے اور دیرینہ مسئلے کے حل سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی پر کسی کو بھی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن آئندہ دنوں میں دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.